[]
واشنگٹن: میٹا کی جانب سے فیس بک صارفین کو ایسی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کا پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔فیس بک صارفین اب ایک اکاؤنٹ کو متعدد ذاتی پروفائلز سے منسلک کر سکیں گے اور ہر پروفائل پر بغیر لاگ آؤٹ ہوئے سوئچ کر سکیں گے۔ یہ اعلان کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں کیا گیا۔
کمپنی کے مطابق ‘آپ فیس بک کے نئے صارف ہیں یا برسوں سے اسے استعمال کر رہے ہیں، آپ اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی کو الگ رکھنے کے خواہشمند ہوں گے، یا آپ چاہتے ہوں گے کہ ایک پروفائل کو دفتر سے منسلک رکھیں اور دوسری کو محض دوستوں کے لیے’۔
میٹا نے بتایا کہ متعدد پرسنل پروفائلز کو تیار کرکے آپ اپنی مرضی سے ان میں مخصوص مواد شیئر کر سکیں گے، جیسے ایک پروفائل سے آپ کی کھانوں کی محبت ظاہر ہو اور دوسری دوستوں اور گھروالوں سے جوڑے رکھے۔
کمپنی نے بتایا کہ صارفین ایک اکاؤنٹ کے ساتھ 4 اضافی فیس بک پروفائلز تیار کر سکیں گے اور ان پر سیٹنگز مینیو کے ذریعے سوئچ کرسکیں گے۔
تاہم اضافی پروفائلز کچھ حد تک محدود ہوں گی، جیسے ابتدا میں میسنجر سپورٹ دستیاب نہیں ہوگی جبکہ مارکیٹ پلیس اور پروفیشنل موڈ جیسے فیچرز تک رسائی بھی ممکن نہیں ہوگی۔
میٹا نے بتایا کہ اس فیچر پر گزشتہ سال سے تجربات کیے جا رہے ہیں اور ہم نے لوگوں کی رائے سنی تھی جو مختلف موضوعات کو آرگنائز کرنے کے خواہشمند ہیں۔
کمپنی کے مطابق ہم نے انسٹاگرام پر اس طرح کے انٹرسٹ بیسڈ اکاؤنٹس کی مقبولیت کو دیکھا ہے اور اسی وجہ سے ہم فیس بک پر یہ آپشن لانے کے لیے پرجوش ہیں۔
یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور تمام صارفین تک اسے پہنچنے میں چند ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔
اس کے لیے فیس بک کے ڈیسک ٹاپ ورژن یا ایپ پر اوپر دائیں جانب موجود اپنی پروفائل امیج پر کلک کریں اور وہاں see all profiles آپشن کا انتخاب کریں۔
اس کے بعد create new profile پر کلک کرکے نئی پروفائل کے لیے یوزر نیملکھیں اور پھر پسند کے افراد یا کمیونٹیز سے کنکٹ کرلیں، ایسا کرنے پر ہر پروفائل کا فیڈ مختلف ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے جولائی 2022 میں اس فیچر کا اعلان کیا گیا تھا اور اب جاکر اسے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔