نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان جے رام رمیش نے منگل کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک گزشتہ 11 برسوں سے ایک ’غیراعلانیہ ایمرجنسی‘ سے گزر رہا ہے، جس میں ہندوستانی جمہوریت پر 5 مختلف سمتوں سے سنگین حملے کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت نے نہ صرف آئینی اقدار کو پامال کیا ہے بلکہ اداروں، میڈیا، عدلیہ اور عوامی آزادیوں کو بھی کمزور کیا ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین میں تبدیلی کی خواہش ظاہر کی اور بابا صاحب امبیڈکر کی وراثت سے انحراف کرتے ہوئے عوام سے ایک نئے ’مینڈیٹ‘ کی اپیل کی، تاکہ آئین کو بدلا جا سکے۔ تاہم ملک کی عوام نے اس خیال کو مسترد کر دیا اور موجودہ آئین کو برقرار رکھتے ہوئے ووٹ دیا، لیکن حکومت نے اس کے باوجود آئینی اداروں کو کمزور کرنے کا عمل جاری رکھا ہے۔
