نئی دہلی: بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی سرپرستی میں حج کمیٹی کے دفتر ’حج منزل‘ میں ایک باوقار یوگا سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں کمیٹی کے افسران، عملے اور میڈیا نمائندگان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پروگرام کا آغاز حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کوثر جہاں کی رہنمائی میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر اس سیشن کا انعقاد نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کی طرف ایک مثبت قدم ہے بلکہ یہ ہندوستانی تہذیب کی اس سوچ کی عکاسی بھی کرتا ہے جس کے مطابق جسمانی اور ذہنی تندرستی ہی ایک مضبوط اور خوشحال سماج کی بنیاد ہے۔
