[]
نئی دہلی: قومی دارالحکومت‘ جی 20چوٹی کانفرنس کی میزبانی کے لئے تیار ہے جس میں 30 سے زائد سربراہان ِ مملکت‘ یوروپین یونین اور یوروپین کمیشن کے وفود کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہ بھی حصہ لیں گے۔
شہر اور قومی دارالحکومت علاقہ (این سی آر) کی ہوٹلوں کو پیشگی بک کرالیا گیا تاکہ بین الاقوامی ممتاز شخصیتوں کو ٹھہرایا جائے۔ امریکی صدر جو بائیڈن‘ چانکیہ پوری کی ہوٹل آئی ٹی سی موریہ میں قیام کریں گے جبکہ ان کی سروس ٹیم اور کمانڈوز اس ہوٹل کی ہر منزل پر موجود ہوں گے۔
آئی ٹی سی موریہ میں تاحال تقریباً 400 کمرے بک کرائے گئے۔ جو بائیڈن کو 14 ویں منزل پر اُن کے کمرہ تک پہنچانے خصوصی لفٹ لگائی گئی۔ وزیراعظم برطانیہ رشی سونک‘ کناٹ پلیس کی شانگریلا ایروز ہوٹل میں ٹھہرائے جائیں گے۔ جرمن چانسلر کا بھی قیام اسی ہوٹل میں رہے گا۔
صدر فرانس ای میکرون اور ان کے ساتھ آنے والے عہدیداروں کو کلاریجس ہوٹل میں ٹھہرایا جارہا ہے جبکہ وزیراعظم آسٹریلیا انتھونی البانیز‘ کناٹ پلیس کی ہوٹل امپیریل میں ٹھہریں گے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کا قیام نئی دہلی کی ہوٹل اوبرائے میں رہے گا۔
صدر ولادیمیر پوٹین کے بجائے نئی دہلی آنے والے روسی وزیر خارجہ سرجی لاروف کو دہلی کی اوبرائے ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو‘ للت ہوٹل میں رہیں گے۔
چانکیہ پوری کی ہوٹل تاج پیالیس کو ابتدا میں صدر چین شی جنپنگ کے لئے بک کرایا گیا تھا تاہم ان کے بجائے چینی وزیراعظم لی کیانگ نئی دہلی آرہے ہیں۔ وہ اسی ہوٹل میں ٹھہریں گے۔ سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان اور ان کے وفد کو لیلا ہوٹل میں ٹھہرایا جارہا ہے۔