
سہارن پور(یوپی) (پی ٹی آئی) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے دن پچھلی سماج وادی پارٹی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے اس پر ایک ضلع ایک مافیا کے لاقانونیت کے کلچر کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ پچھلی حکومت میں ہر ضلع میں ایک مافیا تھا۔ ہم نے اسے بدل کر ایک ضلع ایک پراڈکٹ کردیا ہے تاکہ کاریگروں اور مقامی پراڈکٹس کو عالمی سطح پر پہچان ملے اور نوکریاں پیدا ہوں۔
سابق چیف منسٹر اور سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا نام لئے بغیریوگی نے کہا کہ جب کسی ریاست کا سربراہ دوپہر میں نیند سے بیدار ہوتا ہو‘ 2 بجے تیار ہوکر دوستوں کے ساتھ پکنک منانے جاتا ہو تو وہ کام کب کرے گا؟۔
عوام کو مسائل کا سامنا تھا اور سابق چیف منسٹر کے ساتھی ریاست کو لوٹ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سہارن پور تا دہلی سفر کا وقت گھٹاکر 1 گھنٹہ 45 منٹ کردینے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایک ضلع ایک پراڈکٹ اسکیم کے نتیجہ میں آج سہارن پور کی مشہور لکڑی پر نقاشی کی صنعت کی برآمدات ایک ہزار کروڑ کی ہوگئی ہیں۔