
بریلی(یوپی) (پی ٹی آئی) ایک عالم دین نے جنہوں نے کرکٹر محمد سمیع کو رمضان میں روزہ نہ رکھنے پر گناہ گار قرار دیا تھا اب ان کی بیٹی کے ہولی منانے کو غیرقانونی اور خلاف شریعت کہا ہے۔
ہفتہ کو جاری ویڈیو میں آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی نے کہا کہ وہ چھوٹی بچی ہے، اگر اس نے سمجھے بغیر ہولی کھیلی ہے تو یہ کوئی جرم نہیں۔ اگر وہ سمجھدار ہے اور پھربھی ہولی کھیلتی ہے تو اسے خلاف شریعت سمجھا جائے گا۔
مولانا نے کہا کہ انہوں نے سابق میں محمد سمیع سے کہا تھا کہ وہ اسلام پر عمل کرے، اس کے باوجود بیٹی کے ہولی منانے کا ویڈیو جاری کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محمد سمیع اور ان کے ارکانِ خاندان سے اپیل کی تھی کہ شریعت میں جو نہیں ہے وہ اپنے بچوں کو کرنے مت دو۔
ہولی ہندوؤں کا بڑا تہوار ہے لیکن مسلمانوں کو اس سے بچنا چاہئے۔ اگر کوئی شریعت جانتے ہوئے بھی ہولی مناتا ہے تو یہ جرم ہے۔ مولانا نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں اس کی حالیہ جیت کے لئے مبارکباد دی۔ قبل ازیں مولانا رضوی نے کہا تھا کہ محمد سمیع نے مقدس ماہ رمضان میں روزہ نہ رکھ کر گناہ ہے۔
ہفتہ کے دن ویڈیو پیام میں انہوں نے کہا کہ محمد سمیع کے بشمول جن لوگوں نے رمضان میں روزے نہ رکھے انہیں چاہئے کہ وہ رمضان کے بعد رکھ لیں۔ مولانا نے محمد سمیع سے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو سمجھائیں کہ وہ شریعت کا مذاق نہ اڑائیں۔ مولانا نے کہا تھا کہ کرکٹ کھیلنے میں کوئی خرابی نہیں لیکن محمد سمیع کو اپنی مذہبی ذمہ داری بھی نبھانی چاہئے۔