مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ اور برطانیہ نے صنعاء اور دیگر یمنی شہروں پر متعدد حملے کئے ہیں جن میں درجنوں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے یمنی فوج کی جانب سے ایک امریکی ڈرون طیارہ تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے امریکہ اور برطانیہ کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا امریکا کی ناکامی کا ثبوت ہے، لیکن یہ کارروائیاں غزہ کی حمایت سے دستبردار ہونے کا سبب نہیں بنیں گی۔
اعلیٰ سیاسی کونسل نے یمنی عوام کو یقین دلایا کہ جارح قوتوں کو سخت اور دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
ایک بیان میں کونسل نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل بالآخر شکست کھائیں گے، جیسے کہ طوفان الاقصی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کونسل نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی ذمہ داری ادا کرے کیونکہ ان کے نتائج پوری دنیا پر اثر انداز ہوں گے۔
یمنی اعلی سیاسی کونسل نے واضح کیا کہ یمن کی سمندری کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا اور وہاں انسانی امداد نہیں پہنچ جاتی۔
کونسل نے خبردار کیا کہ امریکہ کے فضائی حملے کے بعد بحیرہ احمر میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور بین الاقوامی بحری جہاز رانی کی سلامتی کے لیے سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔