الہ آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد جامع مسجد سنبھل میں رنگ وروغن کا کام شروع، پولیس الرٹ

لکھنؤ: اتر پردیش کے سنبھل میں مغل دور کی تعمیر شدہ شاہی جامع مسجد کی بیرونی دیواروں پر رنگ و روغن کا کام شروع ہو گیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد مزدوروں نے آج سے یہ کام انجام دینا شروع کیا۔

شاہی جامع مسجد کا معاملہ حالیہ دنوں میں تنازع کا شکار رہا ہے۔ ماضی میں ایک شخص نے عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا کہ اس مقام پر پہلے ایک مندر تھا جسے منہدم کر کے مسجد تعمیر کی گئی تھی۔

 اس معاملے پر عدالت نے سروے کرانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد 24 نومبر 2023 کو ایک ٹیم سروے کے لیے پہنچی تھی، لیکن مقامی لوگوں نے انہیں روک دیا۔ اس دوران کشیدگی بڑھ گئی اور مظاہرین نے پتھراؤ کیا، گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیس کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ اس پرتشدد جھڑپ میں چار افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔

رواں برس رمضان کے موقع پر جامع مسجد کمیٹی نے ہائی کورٹ سے درخواست کی کہ مسجد کی دیواروں کو رنگ و روغن کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس سلسلے میں ایک عرضی دائر کی گئی، جس پر 12 مارچ کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے مسجد کی بیرونی دیواروں پر رنگ و روغن کا کام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ رنگ و روغن کے دوران مسجد کے تاریخی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور تعمیراتی کام احتیاط سے کیا جائے۔

عدالتی احکامات کے تحت آج سے مزدوروں نے مسجد کی دیواروں پر رنگ و روغن کا کام شروع کر دیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں تاکہ علاقے میں دوبارہ کشیدگی نہ پیدا ہو۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *