ایرانی وزیردفاع کا دورہ بیلاروس، دفاعی تعاون میں توسیع کا عزم

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع جنرل عزیز نصیر زادہ دفاعی تعاون بڑھانے کے سلسلے میں بیلاروس کا دورہ کررہے ہیں۔

بیلاروس پہنچنے پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دفاعی تعاون کے فروغ پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کی طرف سے مشترکہ موقف اختیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مینسک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور بیلاروس کی پالیسیوں میں نمایاں اشتراکات ہیں، خاص طور پر عالمی سطح پر رائج یکطرفہ اور غیرمنصفانہ پالیسیوں کے خلاف دونوں ممالک مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور بیلاروس بین الاقوامی سطح پر بھی قریبی شراکت دار ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں دونوں کی رکنیت کی وجہ تعاون کو مزید بڑھانے کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

ایرانی وزیر دفاع نے دفاعی اور عسکری تعلقات کو دوطرفہ شراکت داری کا ایک کلیدی عنصر قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا ایک اہم شعبہ دفاعی تعاون، خصوصا دفاعی صنعتوں میں شراکت داری ہے۔

ایرانی وزیردفاع مینسک کے دورے کے دوران بیلاروس کے سیاسی، عسکری اور دفاعی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جاسکے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *