مسلمان، ہولی کے دن باہر نہ نکلیں، بی جے پی رکن اسمبلی کی اپیل پر تنازعہ

پٹنہ (پی ٹی آئی) بہار میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے مسلمانوں سے ”اپیل“ کی ہے کہ وہ اس ہولی پر جو جاریہ ماہ رمضان میں جمعہ کو پڑرہی ہے‘ گھروں کے اندر“ رہیں اور ہندوؤں کو کسی خلل کے بغیر تہوار منانے دیں۔

ضلع مدھوبنی کے حلقہ اسمبلی بفسی کے رکن ہری بھوشن بچول نے ودھان سبھا کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت میں یہ ریمارکس کئے۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلمانوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ سال میں 52 جمعہ آتے ہیں۔

اتفاق سے ان میں ایک جمعہ ہولی کے دن پڑرہا ہے لہٰذا ہندوؤں کو ہولی منانے دیں اور ان پر رنگ پڑتا ہے تو برا نہ مانیں۔ اگر اس سے مسئلہ ہے تو اپنے گھروں کے اندر رہیں۔ یہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔

اس نشاندہی پر کہ مسلمان‘ رمضا میں روزہ رکھتے ہیں اور جمعہ کو خصوصی عبادت کرتے ہیں‘رکن اسمبلی نے جواب دیا کہ ان کا ہمیشہ دُہرا معیار رہا ہے۔ یہ لوگ گلابی اور ہولی کے رنگ بیچنے اسٹال لگاتے ہیں لیکن چند چھینٹے ان کے کپڑوں پر پڑگئے تو انہیں جہنم میں جانے کا خوف ستانے لگتا ہے۔

آر جے ڈی رکن اسمبلی اور سابق وزیر اسرائیل منصوری نے بچول کے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے بیچ کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ ہندو لوگ افطار پارٹیوں میں شرکت کرتے ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی کو ہولی پر مسلمانوں سے پریشانی کیوں ہے؟۔

ریاستی وزیر اقلیتی امور اور جنتادل یو قائد زماں خان نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ انتظامیہ کو واضح ہدایت دے دی گئی ہے کہ تہواروں کے سیزن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *