ہولی کے رنگوں سے جنہیں تکلیف پہنچتی ہو وہ گھر میں ہی رہیں۔ سنبھل کے سرکل آفیسر کا مشورہ (ویڈیو)

سنبھل (پی ٹی آئی) سنبھل کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں پیس کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔ جمعرات کو منعقدہ اجلاس آنے والے ہولی تہوار کے پیش نظر منعقد کیا گیا تھا کیونکہ اتفاقاً مقدس ماہ رمضان کے دوران نماز ِ جمعہ اور ہولی تہوار ایک ساتھ آرہے ہیں۔

سنبھل کے سرکل آفیسر(سی او) انوج چودھری نے اس میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نظم وضبط کی برقراری کے لئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سخت چوکسی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیس کمیٹی کی میٹنگ گزشتہ ایک ماہ سے مختلف سطح پر جاری ہے تاکہ بلاخلل جشن کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہولی ایک ایسا تہوار ہے جو سال میں ایک مرتبہ آتا ہے جبکہ نماز ِ جمعہ سال میں 52 مرتبہ ادا کی جاتی ہے۔ اگر کسی کو ہولی کے رنگوں سے تکلیف پہنچتی ہو تو اسے چاہئے کہ وہ اس دن گھر میں ہی رہے۔ باہر نکلنے والوں کو کھلاذہن رکھنا چاہئے کیونکہ تہوار مل جل کر منانے کے لئے ہوتے ہیں۔

چودھری نے دونوں برادریوں سے درخواست کی کہ وہ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمان عید کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں اسی طرح ہندو ہولی کے منتظر رہتے ہیں۔ لوگ ایک دوسرے پر رنگ لگاتے ہوئے‘ مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے اور خوشیاں بانٹتے ہوئے جشن مناتے ہیں۔

اسی طرح عید پر لوگ خصوصی ڈشیں تیار کرتے ہیں اور ایکدوسرے سے بغلگیر ہوتے ہیں۔ دونوں تہواروں کا جز‘ یکجا ہونا اور باہمی احترام ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جو لوگ حصہ لینا نہیں چاہتے انہیں زبردستی رنگ نہ لگائیں۔ امن و امان کی برقراری کے لئے انتظامیہ کے پابند ِ عہد ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے انتباہ دیا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو درہم برہم کرنے کی کسی بھی کوشش سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *