
ممبئی (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی جنہیں مغل شہنشاہ اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر مہاراشٹرا اسمبلی سے معطل کردیا گیا ہے۔ انہیں 100 فیصد جیل بھیجا جائے گا۔
چیف منسٹر دیویندرپھڈنویس نے قانون ساز کونسل میں یہ بات بتائی۔ سرکاری بنچس کے ارکان نے اسمبلی میں کہا کہ اورنگ زیب کی ستائش مراٹھا بادشاہ چھترپتی شیواجی مہاراج اور ان کے جنگجو لڑکے چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی توہین کے مترادف ہے۔ یہ دونوں مہاراشٹرا میں قابل احترام شخصیتیں ہیں۔
ابوعاصم اعظمی کو جاریہ بجٹ اجلاس کے اختتام تک اسمبلی سے معطل کردیا گیا ہے۔ یہ اجلاس 26 مارچ کو ختم ہوگا۔ابوعاصم اعظمی نے اس کارروائی کے خلاف یہ کہتے ہوئے احتجاج کیا کہ متنازعہ تبصرہ واپس لینے کے باوجود انہیں سزا دی گئی ہے۔
قانون ساز کونسل میں شیوسینا(یوبی ٹی) کے لیڈر اور قائد اپوزیشن امباداس دانوے نے جب پھڈنویس سے یہ دریافت کیا کہ اعظمی کو اُن کے ریمارکس پر جیل کیوں نہیں بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں مان خورد۔ شیواجی نگر حلقہ کے رکن اسمبلی کو ”100 فیصد“ جیل بھیج دیا جائے گا۔
شیوسینا (یوبی ٹی) کے صدر ادھوٹھاکرے نے جو قانون ساز کونسل کے رکن ہیں، زور دے کر کہا کہ کسی کو بھی قومی شخصیتوں کے خلاف بولنے کی جرأت نہیں ہونی چاہئے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اِن شخصیتوں کے خلاف جارحانہ تبصرے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ٹھاکرے نے کہا کہ انہیں (اعظمی) کو مستقل طور پر (اسمبلی سے) معطل کردیا جانا چاہئے۔