
ممبئی: ممبئی کے علی باغ کے قریب سمندر میں ایک کشتی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا، جس میں کشتی کا تقریباً 80 فیصد حصہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ کی لپیٹ میں آکر کشتی میں موجود مچھلی پکڑنے کے جال بھی تباہ ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق، کشتی پر 18 سے 20 ماہی گیر سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔ یہ کشتی ساکھر گاؤں کے رہائشی راکیش ماروتی گن کی بتائی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، لیکن ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
مقامی لوگوں کی مدد سے کشتی کو کنارے تک پہنچایا گیا اور آگ بجھانے کا کام شروع ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سمندر کے بیچ میں یہ کشتی آگ کے شعلوں میں لپٹی ہوئی تھی۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کشتی سے دھوئیں کے بادل اٹھتے نظر آئے۔
رائے گڑھ کے ایس پی کے مطابق، علی باغ کے ساحل سے تقریباً 6 سے 7 سمندری میل دور راکیش گن نامی شخص کی ماہی گیری کشتی میں علی الصبح 3 سے 4 بجے کے درمیان آگ لگ گئی تھی۔ تاہم، انڈین کوسٹ گارڈ اور بھارتی نیوی کی بروقت کارروائی سے تمام 18 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کشتی مکمل طور پر تباہ شدہ حالت میں نظر آ رہی ہے اور سمندر میں ایک طرف جھکی ہوئی ہے۔