مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب 2026 میں ہونا ہے، اس کے پیش نظر ممتا بنرجی نے اپنا نیا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 294 سیٹوں میں سے کم از کم 215 سیٹیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔


مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب ابھی ایک سال دور ہے، لیکن وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے لیے ہدف مقرر کر لیا ہے۔ انھوں نے 2026 میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کا نیا ہدف مقرر کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ضمانت ضبط کرائیں گی۔ 294 سیٹوں والی مغربی بنگال اسمبلی کے لیے آئندہ سال ہونے والے انتخاب کے پیش نظر ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ’’ہمارا ہدف 215 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کا ہے۔ میری پارٹی بی جے پی کی سیٹوں کی تعداد کو مغربی بنگال میں کم کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ 2021 میں ہوئے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو 77 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔
آئندہ اسمبلی انتخاب سے متعلق اپنے عزائم کا اظہار ممتا بنرجی نے پارٹی کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اگلے بنگال اسمبلی انتخاب میں 294 میں 215 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ممتا نے گزشتہ انتخاب میں بی جے پی کی طرف سے دیے گئے نعرے کو بھی یاد کیا۔ 2021 اسمبلی انتخاب میں بی جے پی لیڈران نے ’200 پار‘ سیٹیں جیتنے کا نعرہ دیا تھا، لیکن وہ شکست سے دو چار ہوئے تھے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں بھی بی جے پی کی طرف سے ’400 پار‘ کا نعرہ دیا گیا تھا، لیکن پارٹی تنہا اکثریت حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی۔ بی جے پی لیڈران کے ان نعروں کی ناکامی کا تذکرہ کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے میٹنگ میں ٹی ایم سی لیڈران سے کہا کہ ’’ہم دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے، لیکن آپ کو پچھلی بار سے بھی بڑی جیت یقینی بنانی ہوگی۔ اس بار بی جے پی امیدواروں کو اپنی ضمانت ضبط کرانی ہوگی۔‘‘
ممتا بنرجی کی باتوں کو بعد میں ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی نے بھی دہرایا۔ انھوں نے پارٹی کارکنان سے پارٹی کے لیے نتیجہ خیز جیت یقینی بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ بنگال کے مستقبل کو محفوظ کرنے کی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں ٹی ایم سی کی جیت پختہ کرنی چاہیے اور ممتا بنرجی کو لگاتار چوتھی مرتبہ وزیر اعلیٰ بنانا چاہیے۔ ہمارا ہدف 2026 کے اسمبلی انتخاب میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ہے۔‘‘ برسراقتدار ٹی ایم سی نے 2021 کے اسمبلی انتخاب میں 213 سیٹیں جیت کر اکثریت حاصل کی تھی، جبکہ بی جے پی 77 سیٹیں ہی جیت پائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔