
نئی دہلی: امریکہ میں پیش آئے ایک حادثہ کے نتیجہ میں مہاراشٹرا کی ایک طالبہ نيلم شنڈے کوما میں چلی گئی ہیں۔ ان کے والدین، جو مہاراشٹرا کے ستارا ضلع میں رہتے ہیں، فوری طور پر امریکہ جا کر اپنی بیٹی سے ملنا چاہتے ہیں، مگر ویزا نہ ملنے کے باعث انہوں نے مرکزی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
نیلم شنڈے کے والد تانا جی شنڈے کا کہنا ہے، “ہمیں 16 فروری کو حادثہ کی اطلاع ملی۔ تب سے ہم ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر اب تک کامیابی نہیں ملی۔”
دریں اثناء، این سی پی (ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا کہ انہوں نے نیلم شنڈے کے والدین کیلئے ویزا کے حصول میں مدد کیلئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ ایک پریشان کن معاملہ ہے، اور ہمیں مل کر اس کا حل نکالنے میں مدد کرنی چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ان کے اور بی جے پی لیڈر ایس جے شنکر کے درمیان سیاسی اختلافات ہوں، مگر بیرون ملک مقیم ہندوستانی طلبہ کے معاملات میں وہ ہمیشہ “مددگار اور ہمدرد” رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، “وزارت خارجہ کے ساتھ میرا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، وہ ہمیشہ مدد کیلئے اضافی کوشش کرتے ہیں۔”
نیلم شنڈے کے خاندان کے مطابق، حادثہ میں ان کے ہاتھ اور پیر ٹوٹ گئے، جبکہ سر پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔ ان کے چچا سنجے قدم نے میڈیا کو بتایا، “پولیس نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا، اور ان کے روم میٹس نے ہمیں 16 فروری کو اطلاع دی۔ معلوم ہوا کہ حادثہ بہت سنگین تھا۔ اسپتال نے ان کے دماغ کے آپریشن کے لیے ہم سے اجازت لی۔ وہ ابھی بھی کوما میں ہیں، اور ہمیں وہاں ان کے پاس ہونا چاہیے۔”
نیلم کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ وہ ویزا کیلئے پاسپورٹ آفس میں اپوائنٹمنٹ بک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن دستیاب سلاٹس اگلے سال کے ہیں، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ نيلم شنڈے گزشتہ چار سالوں سے امریکہ میں مقیم ہیں اور اپنے کورس کے فائنل ایئر کی طالبہ ہیں۔