رمضان المبارک کے انتظامات پر ضلع ایڈیشنل کلکٹر محبوب نگر  کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

حیدرآباد: رمضان المبارک مقدس و متبرک مہینہ ہے جس میں مسلمان یکسوئی سے عبادتوں میں مشغول رہتے ہیں۔انہیں  کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار  محبوب نگر ایڈیشنل کلکٹر  شیویندر پرتاپ نے رمضان المبارک کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقدہ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں کیا۔اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداران ، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔

 اجلاس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لا پرواہی  سے گریز کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔

اجلاس میں ضلع انتظامیہ نے تمام سرکاری محکموں کو سختی سے ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو در پیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر برقی ، پانی ، صفائی ، سیکیورٹی اور صحت کے حوالے سے کوئی بھی شکایت موصول نہ ہو۔

اس کیلئے ہر محکمہ متحرک اور الرٹ رہے۔ اجلاس میں ٹرانسکو کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ رمضان  المبارک کے دوران کسی بھی علاقہ میں غیر ضروری لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔ خاص طور پر افطار اور سحری کے اوقات میں برقی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 اسی طرح ، میونسپلٹی حکام کو ہدایت دی گئی کہ مساجد ، عید گاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔سڑکوں پر روشنی کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔

 پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کو تاکید کی گئی کہ رمضان کے دوران امن وامان پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ خصوصاً تراویح ،سحری اور افطار کے اوقات میں عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت دی گئی کہ اہم بازاروں اور مساجد کے قریب ٹریفک نظام کو بہتر بنائیں تا کہ عوام کو سہولت ہو۔

 اس  میٹنگ میں یوسف بن ناصر، عبد الہادی، سعادت اللہ، تقی حسین تقی، مرزا قدوس بیگ، عظمت، فیصل، جہانگیر، صدر قاضی غوث محی الدین، محمد اکبر اور  ذمہ داران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عوام کو در پیش مسائل کو اجاگر کیا۔

 انہوں نےایڈیشنل  کلکٹر سے درخواست کی کہ  گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اس سال اگر تمام محکمہ جات پوری طرح متحرک رہیں تو رمضان کا مہینہ عوام کیلئے راحت کا باعث بن سکتا ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر نے  یہ بھی فیصلہ لیا کہ رمضان کے دوران شکایات کے فوری حل کیلئے  ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیر آفیسر کو نوڈل آفیسر بنایا جائے گا  تاکہ عوام اپنی شکایات درج کراسکیں  جس سے  متعلقہ محکمہ جات  فوری کارروائی کریں گے۔

 اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل کلکٹر شیویندر پرتاپ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں تاکہ رمضان کے بابرکت ماہ میں عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *