ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں روپے کی قدر مزید کم ہو سکتی ہے، دراصل ڈالر انڈیکس میں اتار چڑھاؤ کا ماحول ہے، خام تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔


روپیہ اور ڈالر/ تصویر آئی اے این ایس
کرنسی مارکیٹ میں عالمی سطح پر زبردست اتھل پتھل کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ امریکی ڈالر بھی کبھی مضبوط ہو رہا ہے، تو کبھی کمزور۔ تازہ حالات میں ڈالر جہاں مضبوط ہو رہا ہے، وہیں دوسری کرنسی میں گراوٹ کا ماحول ہے۔ ہندوستانی کرنسی ’روپیہ‘ کی بات کریں تو آج لگاتار دوسرے دن اس میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ منگل کے روز تو روپیہ میں زبردست گراوٹ درج کی گئی، اور آنے والے دنوں میں یہ گراوٹ جاری رہنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں روپے کی قدر میں خاطر خواہ گراوٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے، اور اس کے پیچھے کچھ اہم وجوہات ہیں۔ دراصل ڈالر انڈیکس میں اتار چڑھاؤ کا ماحول بنا ہوا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ روپے کو سنبھالنے کے لیے آر بی آئی کی طرف سے کوششیں بھی تھوڑی کم ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی بیرون ملکی سرمایہ کاروں کی بے رخی ابھی تک قائم ہے۔
امریکی ڈالر میں مضبوطی، غیر ملکی سرمایہ مستقل نکالے جانے اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے درمیان ’روپیہ‘ منگل کو شروعاتی کاروبار میں 16 پیسے ٹوٹ کر 86.88 روپے فی ڈالر پر پہنچ گیا۔ غیر ملکی کرنسی تاجروں کے مطابق گھریلو بازاروں میں تیزی نے حالانکہ روپے کی گراوٹ کو محدود رکھا۔ انٹر بینک فورن کرنسی ایکسچینج مارکیٹ میں روپیہ 86.83 فی ڈالر پر کھلا اور بعد میں 86.88 فی ڈالر پر پہنچ گیا جو گزشتہ بند قیمت سے 16 پیسے کی گراوٹ ظاہر کرتا ہے۔ روپیہ پیر کے روز 4 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ امریکی ڈالر کے مقابلے 86.72 پر بند ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔