دہلی میں آج 24 فروری سے اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے اپنے امیدواروں کا فیصلہ کیا ہے۔


تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
دہلی میں آج 24 فروری سے اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اس دوران نو تشکیل شدہ 8ویں دہلی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دہلی بی جے پی کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں قائد ایوان اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، ان کی کابینہ کے ارکان اور پارٹی کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اس سے قبل بی جے پی کے رکن اسمبلی وجیندر گپتا کو اسپیکر اور موہن سنگھ بشٹ کو ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار بنایا گیا ہے۔
دہلی میں کئی رہنما پہلی بار ارکان اسمبلی بنے ہیں، اس لیے انہیں سیشن کے بارے میں ٹپس دی گئیں۔ بی جے پی ارکان اسمبلی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت اور پارٹی تنظیم کے ساتھ تال میل پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مستقبل میں اس مقصد کے لیے رابطہ کمیٹی تشکیل دے سکتی ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے راج کمار بھاٹیہ نے کہا کہ ریاستی صدر اور جنرل سکریٹری (تنظیم) پون رانا نے ارکان اسمبلی کو ایوان میں ان کے پارلیمانی طرز عمل سے آگاہ کیا۔
میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا، “نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس پیر کو یعنی آج نئے اراکین کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوگا اور لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ پرو ٹیم اسپیکر کو حلف دلائیں گے۔ بی جے پی کے ایم ایل اے اروندر سنگھ لولی کو پروٹیم اسپیکر اس وقت تک سیشن چلانے کے لیے مقرر کیا گیا ہے جب تک کہ نئے اسپیکر کا انتخاب نہیں کیا جاتا۔”
ساتھ ہی وجیندر گپتا نے کہا، “عوام کی محنت کی کمائی کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا، جس کا پچھلی حکومتوں نے غلط استعمال کیا تھا۔ گپتا نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پچھلی دہائی میں پارٹی کے کام اور ویژن کو دیکھا ہے۔”