مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج علی الصبح جنوبی لبنان کے علاقوں بعلبک اور الھرمل کے عوام شہدائے مقاومت سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جنوبی علاقوں سے بیروت کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق شہدائے مقاومت کی تشییع جنازہ میں جنوبی لبنان سے دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت بتائی جاتی ہے۔
یقیناً یہ اعدادوشمار ان گاڑیوں اور بسوں کے ہیں جو جنوب سے بیروت کی طرف سفر کے دوران مشاہدے میں آئیں جب کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
حزب اللہ کے متعلقہ حکام نے نقل و حمل کے راستوں کو کھلا رکھنے اور موسم کی خراب صورت حال کے باوجود جنازے میں شریک قافلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری تدابیر اختیار کی ہیں۔
جلوسوں کے راستے میں حزب اللہ سے وابستہ طبی اور امدادی ٹیمیں عوام کی خدمت کے لئے موجود ہیں۔
امل موومنٹ نے بھی اپنی سول ڈیفنس ٹیموں کو بقاع کے علاقے میں پبلک روٹ کے ساتھ تعینات کیا ہے تاکہ جنازے میں شریک افراد کو کسی خاص پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کی ضروریات پوری ہوں۔