نرمدا ندی میں موت سے مقابلہ، 25 فٹ اونچائی سے چھلانگ لگا کر رمضان نے 4 زندگیاں بچالیں، مزدور کی بہادری نے سب کو حیران کردیا

جبل پور: مدھیہ پردیش کے نرمدا ندی میں پیش آئے کشتی حادثے میں اب تک 9 افراد کی موت ہوچکی ہے، جبکہ راحت اور بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد ایک مزدور نے سب سے پہلے ریسکیو کا آغاز کیا اور کئی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔

 

افرا تفری کے عالم میں یومیہ مزدوری کرنے والے رمضان نامی شخص نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 25 فٹ اونچائی سے دریائے نرمدا میں چھلانگ لگا دی اور پانی میں جدوجہد کر رہے 4 مسافروں کو بچا لیا

 

اطلاعات کے مطابق حادثے کے مقام سے کچھ فاصلے پر پل کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ جیسے ہی مزدوروں نے کروز کشتی کو ڈوبتے دیکھا، ایک مزدور بغیر کسی وسائل کے فوراً پانی میں کود پڑا اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ رمضان نے بتایا کہ اس نے اپنی آنکھوں سے کشتی کو ڈوبتے دیکھا، جس پر وہ فوری طور پر ایک رسی لے کر تقریباً 25 فٹ اونچائی سے ندی میں کود گیا۔ اس نے 6 افراد کو باہر نکالا، جن میں سے 4 کی جان بچ گئی جبکہ 2 کو نہیں بچایا جا سکا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق تقریباً 35 مزدور وہاں کام کر رہے تھے۔ کشتی بے قابو ہوتے دیکھ کر انہوں نے پائلٹ کو روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ نہ رکا اور آگے بڑھ گیا جس کے بعد کشتی الٹ گئی۔ بعد ازاں کئی مزدوروں نے مل کر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور تقریباً ایک درجن افراد کو ابتدائی لمحات میں ہی بحفاظت باہر نکال لیا۔

 

یہ تمام مزدور مرکزی حکومت کے جل جیون مشن کے تحت جاری ایک پراجیکٹ پر کام کر رہے تھے اور فوری طور پر ایک عارضی ریسکیو ٹیم بنا کر مدد میں جٹ گئے۔

 

یہ حادثہ جمعرات کے روز تیز آندھی اور طوفان کے باعث پیش آیا جب کروز کشتی ندی میں الٹ گئی۔ اس واقعہ میں 25 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ 9 نعشیں نکالی جا چکی ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

 

ریاست کے چیف منسٹر نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اعلان کیا کہ ڈوبتے افراد کو بچانے کی کوشش کرنے والوں کو فی کس 51 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *