
حیدرآباد: حیدرآباد کے کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن کے علاقے میں دن دہاڑے بیٹے نے باپ کو چھرا گھونپ کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق موگیلی (45) سال اور اس کا بیٹا سائی کمار (25) سال ساکن لالہ گوڑہ سکندرآباد پیاکرس اینڈ موورس میں کام کرتے تھے۔
موگیلی کا بیٹا اپنے باپ کی ہر وقت شراب پینے اور گھر میں لڑائی جھگڑے کی عادت سے تنگ آچکا تھا۔ہفتہ کی دوپہر موگیلی ای سی آئی ایل آیا ہوا تھا کہ اس کے بیٹے سائی کمار نے چاقو سے اپنے باپ پر 10 تا 15 اندھا دھند وار کردئیے، شدید زخمی موگیلی کو مقامی لوگوں نے قریبی سریکارا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ چاقو سے حملے کے مناظر قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ سائی کمار نے خاندانی جھگڑوں اور جائیداد کے تنازعہ کی وجہ سے اپنے باپ کا قتل کیا۔