انقلاب سے وابستگی ہی مسائل کا واحد حل ہے، رہبر انقلاب اسلامی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت اطلاعات کے اعلی عہدیداروں نے وزیراطلاع کی سربراہی میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

ملاقات کے آغاز میں وزیر انٹیلی جنس حجۃ الاسلام والمسلمین خطیب نے وزارت انٹیلی جنس کی کارکردگی اور دشمن انٹیلی جنس نیٹ ورکس کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر مبنی رپورٹ پیش کی۔

ملاقات کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل انقلاب کے اصولوں سے وابستگی ہے۔

شعبہ انٹیلی جنس کے شہداء کی یاد اور وزارت انٹیلی جنس کی چالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی ملاقات میں رہبر معظم نے کہا کہ وزارت انٹیلی جنس کا ایک اہم امتیاز اس کا انقلابی طرز فکر ہے، جو ابتدا سے لے کر آج تک برقرار ہے۔ اس ادارے کے پرانے اور نئے اہلکار سبھی انقلاب کے راستے پر گامزن ہیں۔ یہ ایک عظیم نعمت ہے۔

رہبر انقلاب نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اللہ پر توکل، انقلابی اصولوں کی پاسداری اور موجودہ قوانین و پالیسیوں پر مخلصانہ عمل درآمد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ محض منصوبہ بندی کافی نہیں، بلکہ عملی نتائج کا حصول ضروری ہے۔ جب تک منصوبوں پر مستقل مزاجی سے عمل نہ ہو، ان کا کوئی فائدہ نہیں۔

رہبر معظم نے وزارت انٹیلی جنس کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک حکومت کے ساتھ تعاون کو قرار دیا اور کہا کہ یہ وزارت ہر حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کرے، تاکہ ملک کی انتظامی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کی جاسکیں۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ملکی انٹیلی جنس اداروں کے درمیان ہر سطح پر باہمی تعاون اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا اور انٹیلی جنس برادری کے لیے اخلاقی تزکیہ اور روحانی تربیت کو ضروری قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 22 بہمن کی ریلی میں نوجوانوں اور عوام کی بھرپور شرکت اس بات کی علامت ہے کہ انقلاب کی تازگی اور جوش و جذبہ برقرار ہے، حالانکہ اسلامی نظام کو بے پناہ دشمنی کا سامنا ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی ہمدردی اور یورپ و امریکہ میں صیہونیت مخالف مظاہروں کو اللہ کی مشیت کا مظہر قرار دیا جو اسلام کی سربلندی کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *