ماوسٹ کی سنٹرل کمیٹی رکن جینی،ورنگل میں خود سپرد

ورنگل (منصف نیوز بیورو) سی پی آئی ماؤسٹ کے سنٹرل کمیٹی ممبر کداری ستیہ نارائنا ریڈی عرف کوسا کی پروٹیکشن ٹیم کے کمانڈر وانجم کیشے عرف جینی نے جمعہ کے روز ورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا کے سامنے خود سپردگی اختیار کرلی۔

جس کے سرپر 4 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا تھا۔ ورنگل پولیس کمشنر نے کہا کہ وانجم کیشے کا تعلق چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع کے رساپلی گاؤں سے ہے۔

اس کے والد ہڈما (جو اس وقت جیل میں ہیں) بھی ماؤسٹ پارٹی کے رکن ہیں۔وانجم کیشے نے بچپن میں چیتنیہ ناٹیا منڈلی میں کام کیا اور اس دوران وہ ماؤسٹ پارٹی کے اراکین کے رابطے میں آئی۔ 2016 میں اس نے پامیدو ایل او ایس کملا کے ذریعے ماؤسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور دو سال تک چیتنیہ ناٹیا منڈلی میں پنم جوگا کی قیادت میں کام کیا۔اسی سال پارٹی قیادت نے اسے ابوجھ ماڑھ کے علاقے میں منتقل کر دیا اور اسے سنٹرل کمیٹی ممبر کداری ستیہ نارائنا ریڈی عرف کوسا کی پروٹیکشن ٹیم کا رکن مقرر کیا۔ 2021 میں ماؤسٹ سنٹرل لیڈرشپ نے اسے ایریا کمیٹی ممبر کے طور پر ترقی دی۔

وانجم کیشے نے دسمبر 2022 تک پروٹیکشن ٹیم کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں اور مختصر مدت کیلئے شمالی بستر ڈویڑن میں کام کیا، جہاں اس نے ایک اور ماؤسٹ ایریا کمیٹی ممبر رامیش (جو اس وقت چھتیس گڑھ جیل میں ہے) سے شادی کر لی۔

بعد ازاں اپریل 2024 میں، سنٹرل کمیٹی ممبر کداری ستیہ نارائنا ریڈی عرف کوسا کی پروٹیکشن ٹیم نے اسے کمانڈر مقرر کیا۔وانجم کیشے دو مقابلوں میں شامل رہی، جن میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

حکومت تلنگانہ کی طرف سے سرینڈر کرنے والے ماؤسٹ کیڈر کیلئے چلائی جا رہی بحالی اسکیم اور ورنگل پولیس کمشنریٹ کے پولیس حکام کی جانب سے مکمل مدد اور تعاون کی یقین دہانی کے باعث وانجم کیشے نے ازخود ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا۔وانجم کیشے کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں عوام،ماؤسٹ نظریات کے خلاف ہو چکے ہیں اور اس کی صحت کی خرابی بھی سرینڈر کرنے کی ایک بڑی وجہ بنی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *