دہلی میں آج نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب، ریکھا اور دیگر چھ وزراء حلف لیں گے

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 27 سال کے بعد آج قومی دارالحکومت کی باگ ڈور سنبھالنے جارہی ہے اور دہلی بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی لیڈر اور شالیمار باغ کی ایم ایل اے ریکھا گپتا وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گی۔

دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں منعقدہ تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ مسز گپتا کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مسز گپتا کے ساتھ ان کی کابینہ کے ساتھی بھی عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے۔

مسز گپتا کو بدھ کو دہلی بی جے پی کے دفتر 14 پنچ مارگ میں منعقدہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔

اس سے قبل بی جے پی ہائی کمان نے مسٹر او پی دھنکڑ اور روی شنکر پرساد کو بطور مبصر مقرر کیا تھا۔ ان دونوں لیڈروں کی موجودگی میں بدھ کو ممبران اسمبلی کی رائے لی گئی جس میں محترمہ گپتا کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا۔

اس کے بعد بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی لیڈر ریکھا گپتا نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔

اس دوران انہوں نے مسٹر سکسینہ کو ان ایم ایل اے کی فہرست بھی سونپی جو پہلے حلف برداری کی تقریب میں کابینہ کے وزیر کے طور پر حلف لیں گے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق مسز گپتا کے ساتھ چھ وزراء کو بھی آج عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا جائے گا۔ جو ایم ایل اے آج وزیر کے طور پر حلف لیں گے ان میں مسٹر پرویش ورما، آشیش سود، پنکج سنگھ، منجندر سرسا، کپل مشرا، رویندر اندراج شامل ہیں۔

مسز گپتا 1974 میں ہریانہ کے جند ضلع کے نند گڑھ گاؤں میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں افسر تھے۔

سال 1976 میں مسز گپتا کا کنبہ دہلی آگیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی ابتدائی سے اعلیٰ تعلیم قومی دارالحکومت اور اتر پردیش کے میرٹھ سے مکمل کی۔

انہوں نے 2022 میں دہلی یونیورسٹی کے دولت رام کالج سے بی کام اور میرٹھ کی چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی۔

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی رکن مسز گپتا نے اپنا سیاسی سفر اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے ساتھ طالب علم لیڈر کے طور پر شروع کیا۔ وہ 1996-97 میں دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈی یو ایس یو) کی صدر منتخب ہوئیں۔

اس کے بعد انہوں نے شہری سیاست میں اپنی قسمت آزمائی اور تین بار کونسلر بنیں اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی میئر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے 2022 میں دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کے لیے اے اے پی کی شیلی اوبرائے کے خلاف بھی الیکشن لڑا تھا۔

مسز گپتا نے دہلی اسمبلی انتخابات میں شالیمار باغ حلقہ سے عام آدمی پارٹی کی بندنا کماری پر 29,000 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ وہ 2015 اور 2020 کے اسمبلی انتخابات میں اسی مخالف سے ہار گئی تھیں۔

مسز گپتا بی جے پی کی دہلی یونٹ کی جنرل سکریٹری اور پارٹی کی خواتین ونگ – مہیلا مورچہ کی قومی نائب صدر رہ چکی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے بی جے پی 27 سال بعد قومی راجدھانی میں اقتدار میں واپس آئی ہے۔

پارٹی نے اسمبلی کی 70 میں سے 48 سیٹیں جیتی ہیں۔ جب کہ حکمراں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) صرف 22 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب کا انعقاد شاندار طریقے سے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی کابینہ اور پارٹی کے تمام بڑے لیڈر اس میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بی جے پی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت والی 21 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب میں کارپوریٹ ٹائیکون، صنعتکار، فلمی ستارے، کرکٹرز، سنت اور رشی بھی شرکت کریں گے۔ ساتھ ہی دہلی کے مختلف طبقات کے 12,000سے 16,000 باشندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *