مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں نہتے شہریوں پر مظالم اور انسانیت سوز جرائم کی وجہ سے عالمی عدالت نے صہیونی حکام کے خلاف گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالتی حکم کے بعد متعدد ممالک نے غزہ میں مظالم میں ملوث صہیونیوں کے خلاف قانونی کاروائی کا اعلان کیا تھا۔
مذکورہ اعلانات کے بعد صہیونی اعلی حکام اور فوجی بیرون ملک دورے سے گریز کررہے ہیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ کہ دو صیہونی فوجی چھٹی گزارنے کے لیے ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم گئے تھے جہاں ان کے خلاف قانونی اقدامات شروع کر دیے گئے۔
ڈچ ادارے سے وابستہ وکلا نے خاموشی سے ایک فوجی کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ جب یہ معاملہ میڈیا میں آیا تو دونوں صیہونی اہلکار فورا ہالینڈ سے فرار ہوگئے۔
اسرائیلی چینل نے تصدیق کی ہے کہ گرفتاری کے احکامات جاری ہونے کے بعد دونوں فوجیوں نے ملک چھوڑ دیا ہے۔
بیرون ممالک سے صہیونی فوجیوں کے فرار ہونے کا یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل ایک اور اسرائیلی فوجی کو برازیل سے بھی فرار ہونا پڑا تھا۔