ریاض میں روس اور امریکہ کے درمیان مذاکرات شروع

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکہ اور روس کے درمیان سعودی عرب میں دوطرفہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔ یہ مذاکرات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر قصر الدرعیہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔

مذاکرات کی سربراہی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کر رہے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ، مشرق وسطی کے لیے امریکی خصوصی ایلچی، امریکی قومی سلامتی کے مشیر، روسی وزیر خارجہ اور روسی صدر کے معاون بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔

دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ روس نے ان مذاکرات کے آغاز سے قبل ایک امریکی شہری کو رہا کردیا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ نے ایک نامعلوم روسی ماہر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان مذاکرات میں کریملن کی توجہ روس پر عائد پابندیوں کے خاتمے پر ہوگی کیونکہ ان پابندیوں کی وجہ سے روسی توانائی کا شعبہ شدید متاثر ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن ممکنہ طور پر یوکرین کے مزید علاقوں کو روس میں شامل نہ کرنے کا عندیہ دے سکتے ہیں۔

گزشتہ روز کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے اعلان کیا تھا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور کریملن کے مشیر برائے خارجہ پالیسی یوری یوشاکوف صدر پوٹن کی ہدایت پر امریکی حکام سے مذاکرات کے لیے سعودی عرب جارہے ہیں۔
 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *