
شمس آباد ایئرپورٹ پر بڑا حادثہ ٹل گیا، کارگو طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ
حیدرآباد۔ شہر کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منگل کی صبح ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بلیو ڈارٹ کارگو طیارے کو لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ کارگو طیارہ چنئی سے حیدرآباد آ رہا تھا اور اس میں 6 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔ لینڈنگ گیئر میں خرابی محسوس ہوتے ہی پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ جیسے ہی کال موصول ہوا ایئرپورٹ حکام نے فوری اقدامات کیے۔
تمام بین الاقوامی اور گھریلو پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تاکہ رن وے کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ایئرپورٹ پر فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔
پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت لینڈ کیا۔عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد ایئرپورٹ حکام نے طیارے کے تکنیکی معائنے کا عمل شروع کر دیا۔ایئرپورٹ انتظامیہ اور ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ماہرین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کی اصل وجہ کیا تھی اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔