
نئی دہلی: دہلی میں اروند کجریوال اور ان کی عام آدمی پارٹی کی شکست کے بعد سب کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں کہ بی جے پی کس کو دہلی کا چیف منسٹر بناتی ہے۔ ذرائع کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ پیر کی دوپہر کو ہو سکتی ہے۔
اس کے لیے بی جے پی آج یا کل صبح مبصرین کے ناموں کا اعلان کر سکتی ہے۔ یہ میٹنگ دہلی بی جے پی کے دفتر میں ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی کے چیف منسٹر کے نام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کل سہ پہر تین بجے تک اس کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔ پارٹی تمام ایم ایل ایز کے سامنے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی۔
اس بارے میں ایم ایل اے کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس بارے میں فی الحال کوئی کچھ نہیں کہہ رہا۔ اس کی تصدیق مبصرین کے اعلان کے بعد ہی ہو گی۔
دہلی میں 27 سال بعد بی جے پی کی حکومت
بی جے پی 27 سال بعد دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ایسے میں بی جے پی ایسے لیڈر کو منتخب کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چل سکے۔
جس سے ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا سکے۔ بی جے پی کے کئی لیڈروں کے نام چیف منسٹر کی دوڑ میں شامل تھے۔
اروند کجریوال کو شکست دے کر پرویش ورما دہلی کے چیف منسٹر کے عہدے کے سب سے بڑے دعویدار بن گئے ہیں۔ تاہم یہ طے نہیں ہے کہ سی ایم کا چہرہ ایم ایل اے میں سے ایک ہوگا یا کوئی پارٹی لیڈر چہرہ بنے گا۔