امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائی، مزید 2 پروازوں کے ذریعہ ہندوستانی شہریوں کی واپسی

واشنگٹن: امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے، جس کے تحت مختلف ممالک کے غیر قانونی رہائشیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت پہلے مرحلے میں 104 بھارتی شہریوں کو امریکہ سے ملک بدر کیا گیا تھا۔ یہ افراد امریکی فوج کے سی-17 طیارے کے ذریعے 5 فروری کو بھارت کے امرتسر ایئرپورٹ پہنچے تھے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، مزید دو خصوصی پروازیں بھارتی شہریوں کو لے کر وطن واپس آنے والی ہیں۔ پہلی پرواز 15 فروری کی رات 10:05 بجے امرتسر ایئرپورٹ پر اترے گی، جبکہ دوسری پرواز 16 فروری کی رات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، پہلی پرواز میں 119 بھارتی شہری سوار ہوں گے، جن میں 67 کا تعلق پنجاب، 33 کا ہریانہ، جبکہ 19 کا تعلق گجرات، اتر پردیش اور مہاراشٹر سے ہے۔ امریکی حکام کے مطابق، یہ تمام افراد غیر قانونی طریقوں، بشمول “ڈنکی روٹ” کے ذریعے، امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔ تاہم، اس معاملے پر سرکاری بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جو اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں، نے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کے معاملے پر اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *