لاطینی امریکہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی ترجیحات میں شامل ہے، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کولمبیا کے ہم منصب گوسٹاؤ پیٹرو سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ لاطینی امریکہ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کولمبیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مکمل طور پر آمادہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف علاقائی و بین الاقوامی شعبوں میں تعاون کے مواقع کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں خاص طور پر امریکی پالیسیوں کے نتیجے میں پیش آنے والے عالمی چیلنجز کے پیش نظر خودمختار ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی مشاورت اور تعلقات کا فروغ نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران دوسرے ممالک کے ساتھ ہم آہنگی اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا تاکہ عالمی سطح پر خودمختار اقوام کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

صدر پزشکیان نے کولمبیا کی حکومت اور عوام کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ کولمبیا کا غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت، جبری بے دخلی اور نسل کشی کی مذمت اور امن مذاکرات کے سلسلے میں کردار قابل تحسین ہے۔

گفتگو کے دوران کولمبیا کے صدر گوسٹاؤ پٹرو نے بھی ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون پہلے سے زیادہ ضروری ہوگیا ہے۔

صدر پٹرو نے ایرانی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور صدر پزشکیان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کولمبیا ہمیشہ فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *