کانگریس نے منگل کو سابق مرکزی وزیر بھکت چرن داس کو پارٹی کی اوڈیشہ اکائی کا صدر مقرر کیا ہے۔ ساتھ ہی، مدھیہ پردیش اسمبلی کے رکن وکرانت بھوریا کو کانگریس کے آل انڈیا آدیواسی سیل کا نیا صدر بنایا گیا ہے۔
کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھکت چرن داس کو فوری اثر کے ساتھ اوڈیشہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ داس اس سے قبل لوک سبھا کے رکن اور بہار میں کانگریس کے انچارج بھی رہ چکے ہیں۔
پارٹی نے مدھیہ پردیش میں بھی ایک اہم تبدیلی کی ہے۔ وکرانت بھوریا کو آل انڈیا آدیواسی کانگریس کا نیا صدر بنایا گیا ہے۔ انہیں شیواجی راؤ موگھے کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ وکرانت بھوریا پیشے سے ایک ڈاکٹر ہیں اور سابق مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کے سینئر لیڈر کانتی لال بھوریا کے بیٹے ہیں۔
اوڈیشہ میں کانگریس کی قیادت میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پارٹی گزشتہ سال کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ناقص کارکردگی کے بعد ریاستی یونٹ کو تحلیل کر چکی تھی۔ جولائی 2024 میں پارٹی نے پوری اوڈیشہ کانگریس کمیٹی کو برخاست کر دیا تھا، جس کے بعد قیادت میں نئے چہرے کو موقع دیا گیا ہے۔
بھکت چرن داس کے لیے بڑا چیلنج ریاست میں کانگریس کو دوبارہ مضبوط کرنا اور آئندہ انتخابات میں بہتر کارکردگی یقینی بنانا ہوگا۔ ادھر، وکرانت بھوریا کی تقرری سے کانگریس کی قبائلی برادری میں گرفت مضبوط کرنے کی کوششوں کو تقویت ملنے کی امید ہے۔