![](https://urduleaks.com/wp-content/uploads/2025/02/Screenshot_2025-02-10-16-02-15-38_40deb401b9ffe8e1df2f1cc5ba480b12-780x470.jpg)
حیدرآباد ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بغیر لائسنس کے چلائی جانے والی گوشت کی دکانوں کو گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں نے آج صبح مہربند کر دیا۔ یہ کارروائی کئی شکایات موصول ہونے کے بعد کی گئی جس میں جی ایچ ایم سی نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات کے تحت دکانوں کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ بلدیہ نے 5,730 چکن، مٹن اور بیف شاپس کو نوٹس جاری کئے ہیں۔
جی ایچ ایم سی حکام کے مطابق 30,000 سے زائد غیر قانونی گوشت کی دکانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو بغیر ٹریڈ لائسنس کے چلائی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے اور کئی دنوں تک باسی و خراب چکن اور مٹن ذخیرہ کر کے فروخت کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ کئی دکانوں میں جی ایچ ایم سی کی مہر کے بغیر مٹن بھی عوام کو فروخت کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے انتباہ دیا ہے کہ اگر نوٹس جاری ہونے کے بعد بھی دکانوں میں طریقہ کار میں بہتری نہ آئی تو ان کو مکمل طور پر مہربند کر دیا جائے گا۔ فوڈ پوائزننگ کے بڑھتے ہوئے کیسس کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے ان کارروائیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔