دہلی انتخابات، ایگزٹ پول میں بی جے پی کے جیتنے کی پیشگوئی، 25 سال بعد اقتدار میں واپسی کا امکان

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سیاسی طور پر اہم مقابلے کے لیے جاری کردہ ایگزٹ پول کے مطابق دہلی اسمبلی کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے کے بعد اقتدار میں واپس آسکتی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق  بی جے پی کے خلاف مشترکہ اتحاد میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کے بعد کانگریس سنگل ہندسوں میں پیچھے دکھائی دے رہی ہے، 70 نشستوں والی اسمبلی میں بی جے پی کی 36 نشستوں کی جیت کا امکان ہے، دہلی میں عام آدمی پارٹی نے پچھلے 2 انتخابات دو تہائی اکثریت سے جیتے ہیں۔

اگر یہ پیش گوئیاں سچ ثابت ہوگئیں تو بی جے پی 1998 کے بعد پہلی بار دہلی میں اقتدار میں آئے گی۔ دہلی اسمبلی کے انتخابات کے لیے بدھ کی شام 6 بجے پولنگ ختم ہوئی، اور رائے دہندگان نے 699 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا، جو راجدھانی کے سیاسی منظر نامے پر نمایاں اثر انداز ہوسکتا ہے۔اروند کجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی تمام سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے اور اس کا مقصد اپنے گورننس ٹریک ریکارڈ اور فلاحی اقدامات پر بھروسہ کرتے ہوئے اکیلے جیت کی ہیٹ ٹرک بنانا ہے۔

 سال 2013 تک دہلی میں 15 سال حکومت کرنے والی کانگریس کو اپنی بحالی کی امید ہے، جو گزشتہ 2 انتخابات میں ایک بھی سیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔اگرچہ ایگزٹ پول ہمیشہ درست نتائج فراہم نہیں کرتے ہیں، لیکن وہ رائے دہندگان کی ترجیحات اور ممکنہ نتائج کے بارے میں سوچ کا احاطہ کرتے ہیں، انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا، دہلی میں تقریبا ایک کروڑ 56 لاکھ اہل ووٹرز ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *