آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت غیر متزلزل ہے، سعودی عرب

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ دنوں فلسطینیوں کو ان کے وطن سے نکالنے کے بارے میں متنازع بیان دیا تھا جس میں سعودی عرب کے مبینہ طور پر فلسطینی ریاست کے قیام سے دستبردار ہونے کا تاثر دیا گیا تھا۔

صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سعودی وزارت خارجہ نے ایک سرکاری اعلامیہ جاری کیاہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ریاض بارہا اس بات پر زور دے چکا ہے کہ آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بارے میں اس کا مؤقف مضبوط، مستحکم اور غیر متزلزل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی مؤقف کو بالکل واضح اور غیر مبہم انداز میں بیان کیا ہے جس کے بعد کسی قسم کی تشریح کی گنجائش نہیں۔

وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم کسی ایسے منصوبے کو قبول نہیں کریں گے جس میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے بےدخل کیا جائے۔

بیان میں اس امر کی بھی تصدیق کی گئی کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی اقدام، چاہے وہ غیر قانونی یہودی بستیاں ہوں، زمینوں کا الحاق ہو، یا جبری نقل مکانی، سب کو مسترد کرتا ہے۔

اعلامیے کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ریاض اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہے۔ مشرق وسطی میں حقیقی امن صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب فلسطینی عوام کے حقوق تسلیم کیے جائیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *