غزہ میں جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ، صہیونی وفد مذاکرات کے لئے دوحہ جائے گا

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ ایک اسرائیلی وفد رواں ہفتے کے آخر میں قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کرے گا تاکہ غزہ میں جاری جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے بارے میں بات چیت کی جاسکے۔

امریکی نمائندے اسٹیو وٹکاف سے ملاقات کے بعد نتن یاہو کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔ نتن یاہو اور امریکی نمائندے کے درمیان خطے کی صورتحال اور غزہ میں فائر بندی کے ممکنہ مراحل پر گفتگو ہوئی۔

نتن یاہو کے دفتر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ صہیونی وفد جنگ بندی کے معاہدے کے تکنیکی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرے گا۔ علاوہ ازین نتن یاہو کی واشنگٹن سے واپسی کے بعد کابینہ کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے باوجود غزہ پر حملے اور امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر اسرائیل پر جنگ بندی کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *