نرمل: ضلع پریشد ہائی اسکول، نرساپور (جی) میں کئی دنوں سے طالبات کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے اساتذہ اے۔ منوہر ریڈی اور موہن راؤ، نیز ان کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے صدر مدرس کشن راؤ کو ضلع مہتمم تعلیمات پی۔ راما راؤ نے فوری اثر کے ساتھ معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ ضلع پریشد ہائی اسکول (تیلگو میڈیم)، نرساپور (جی) میں اسکول اسسٹنٹ (ریاضی) اے۔ منوہر ریڈی اور اسکول اسسٹنٹ (انگلش) موہن راؤ کئی دنوں سے طالبات کے ساتھ بدسلوکی کر رہے تھے۔
اس پر طالبات نے کئی بار صدر مدرس کشن راؤ سے شکایت کی، لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
بالآخر، طالبات نے والدین کو اس صورتحال سے واقف کروایا، جس کے بعد والدین نے جمعہ کے دن اسکول پہنچ کر صدر مدرس سے اساتذہ کی بدسلوکی پر بازپرس کی اور خاطی اساتذہ کو تنبیہ کی۔
تاہم، اساتذہ نے ان الزامات کو جھٹلانے کی کوشش کی، جس پر برہم والدین نے ان کی پٹائی کی۔ اس کے باوجود، صدر مدرس نے اس واقعے کو چھپانے کی کوشش کی اور اسے منظرعام پر آنے سے روکا۔
بعد ازاں، یہ معاملہ طالبات کے ذریعے ٹی ایس پی ٹی اے کے صدر شیخ شبیر علی اور ڈاکٹر ساجد معراج کے علم میں آیا۔
ٹی ایس پی ٹی اے نے فوراً ضلع مہتمم تعلیمات،ضلع کلکٹر، آر جے ڈی، اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کو اس معاملے سے واقف کرواتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گہرائی سے تحقیقات کی جائیں اور خاطی اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اس شکایت پر ضلع مہتمم تعلیمات نے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی، جس نے تحقیقات کے بعد صدر مدرس اور خاطی اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
ٹی ایس پی ٹی اے نے اس کارروائی پر ضلع مہتمم تعلیمات اور ضلع کلکٹر کا شکریہ ادا کیا۔