کمبھ میلہ میں بھگدڑ 20 ہلاک! درجنوں زخمی

نئی دہلی۔ “مہا کمبھ میلہ” میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ “ماونی اماوسیا” کے موقع پر زبردست ہجوم کے دوران دھکم پیل ہوئی جس میں کم از کم 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس واقعے میں 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ فوراً عملے نے زخمیوں کو ایمبولنسوں کے ذریعے قریبی ہاسپٹلس کو منتقل کیا۔

 

“ماونی اماوسیا” کے موقع پر پُنہ سنان کرنے کے لیے کل رات سے بڑی تعداد میں عقیدت مند “پریاگ راج” کے “تری وینی سنگم” پہنچے۔ عقیدت مندوں کے‌ہجوم کے باعث بیریکیڈس ٹوٹ گئے اور دھکم پیل کا واقعہ پیش آیا۔ یہ حادثہ سیکٹر 2 کے علاقے میں پیش آیا۔ مختلف میڈیا رپورٹوں کے مطابق تقریباً 20 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

 

تاہم یوپی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس حادثے پر کوئی رسمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دھکم پیل کے واقعے کے بعد اکھاڑوں نے امرت سنان کی تقریب کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے کے بعد یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے فون پر رابطہ کیا اور صورتحال کی تفصیلات حاصل کی۔ وزیر اعظم نے چند گھنٹوں میں تین بار وزیر اعلیٰ سے بات کی۔ وزیر داخلہ امت شاہ بھی اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

 

دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عقیدت مندوں سے درخواست کی ہے کہ “تری وینی سنگم” کے مرکزی مقام کی بجائے قریبی گھاٹوں پر پُنہ سنان کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ رکھنے کی بھی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس واقعے پر وزیروں اور اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس کیا۔

 

اس کے علاوہ کنبھ میلہ کی جانب جانے والی قومی شاہراہ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 20 کلومیٹر تک گاڑیاں رک گئیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *