ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نتیش رانے نے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کو لے کر متنازعہ بیان دیا، جس میں انہوں نے حملے کی حقیقت پر سوالات اٹھائے اور اداکار پر اداکاری کرنے کا الزام لگایا۔ پونے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانے نے کہا، “مجھے شک ہے کہ اسے چاقو مارا گیا تھا یا وہ اداکاری کر رہے تھے۔
شاید حملہ آور اسے لے جانے آیا تھا، یہ اچھی بات ہے۔ جب میں نے اسے اسپتال سے باہر آتے دیکھا تو لگا جیسے وہ ناچ رہا تھا، نہ کہ کسی حملے کا شکار ہوا ہو۔”
بتا دیں کہ، منگل کو سرجری کے بعد سیف کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ اپنی باندرہ رہائش گاہ پر واپسی پر سیف نے میڈیا کے سامنے ہاتھ ہلایا، جس سے ان کی صحت یابی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ جہاں سیف کے لیے ایک مشکل وقت تھا، وہیں مہاراشٹر کی سیاست میں بھی شدید گرما گرمی کا باعث بنا ہے۔
سیف علی خان پر گزشتہ ہفتے ایک حملہ ہوا تھا، جب ایک شخص جس کی شناخت محمد شریف الاسلام شہزاد کے نام سے ہوئی، چوری کے ارادے سے ان کے گھر میں داخل ہوا تھا۔ پرتشدد تصادم میں سیف کو ریڑھ کی ہڈی اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر علاج کے لیے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نتیش رانے نے ممبئی میں بنگلہ دیشی مہاجرین کی موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا، “یہ لوگ پہلے سڑکوں پر کھڑے ہوتے تھے، اب گھروں میں گھسنے لگے ہیں۔
” انہوں نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنماؤں سپریہ سولے اور جیتندر اوہاڑ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ لیڈر صرف سیف علی خان، شاہ رخ خان اور نواب ملک جیسے افراد کی فکر کرتے ہیں۔ رانے نے مزید کہا، “جب کسی ہندو اداکار جیسے سوشانت سنگھ راجپوت کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تب یہ لوگ خاموش رہتے ہیں۔ آپ نے کبھی انہیں کسی ہندو اداکار کی فکر کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔”
اس سے قبل شیو سینا کے رہنما سنجے نروپم نے بھی حملے کی نوعیت پر سوالات اٹھائے تھے اور سیف کے خاندان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ واقعے کی تفصیلات واضح کریں۔ نروپم نے کہا، “جس طرح سیف اسپتال سے باہر آیا، ایسا لگتا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ کیا وہ شخص جس کا چھ گھنٹے آپریشن ہوا ہو، چار دن میں مکمل صحت یاب ہو سکتا ہے؟”
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ان بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ انفرادی رائے ہیں اور پولیس نے واقعے کی سچائی کا انکشاف کیا ہے۔