ممبئی ۔ مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں میں ایک افسوسناک ٹرین حادثے میں 13 مسافر جان کی بازی ہار گئے جب کہ 15 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پشپک ایکسپریس کے مسافروں میں آگ لگنے کی افواہ پھیل گئی جس کے نتیجے میں خوف کے عالم میں کئی مسافر چلتی ٹرین سے کود گئے اور سامنے سے آ رہی کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔
ریلوے اور مہاراشٹرا حکومت نے حادثے کے متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے کی جانب سے جاں بحق مسافروں کے اہل خانہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے، شدید زخمیوں کو پچاس ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کو پانچ ہزار روپے دیے جائیں گے۔ مہاراشٹر حکومت نے جاں بحق مسافروں کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد سنٹرل ریلوے نے بھساول ڈویژن سے ایک ریلیف ٹرین اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کیں۔ ایمبولینسس نے زخمیوں کو قریبی ہاسپٹلس میں منتقل کیا۔ مختلف اسٹیشنز پر ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب پشپک ایکسپریس جو لکھنؤ سے ممبئی جا رہی تھی، پرانڈا ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی۔ بریک لگانے سے پہیوں سے نکلنے والی چنگاریوں نے مسافروں میں آگ لگنے کی افواہ پیدا کر دی جس کے بعد کئی مسافر خوفزدہ ہو کر ٹرین سے کود گئے اور قریب ہی سے گزرنے والی کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر داخلہ امت شاہ، اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔