فائرنگ واقعہ کے بعد راجدھانی پٹنہ سے کثیر تعداد میں پولیس فورس کو موقع پر بھیج کر تعینات کیا گیا ہے، الزام ہے کہ اس واقعہ کو سونو-مونو گینگ کی طرف سے انجام دیا گیا ہے۔
بہار کے زورآور لیڈر اننت سنگھ کے قافلے پر قاتلانہ انداز میں اندھا دھند فائرنگ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ یہ فائرنگ مکامہ میں ہوئی ہے جہاں اندھا دھند گولیوں کی آواز سے علاقے میں دہشت کا ماحول پھیل گیا ہے۔ بہار میں ’چھوٹے سرکار‘ کے نام سے مشہور اننت سنگھ کے قافلہ میں موجود گاڑیوں پر 60 سے 70 راؤنڈ فائرنگ کی جانکاری سامنے آئی ہے۔ اس واقعہ کو انجام دینے کا الزام سونو-مونو گینگ پر عائد ہو رہا ہے۔
دراصل اننت سنگھ اور سونو-مونو گینگ کے درمیان پہلے بھی کئی بار ٹکراؤ ہو چکے ہیں۔ تازہ واقعہ کے بعد علاقے کے لوگوں میں ہی نہیں، پولیس محکمہ میں بھی افرا تفری پیدا ہو گئی۔ فائرنگ واقعہ کے فوراً بعد راجدھانی پٹنہ سے کثیر تعداد میں پولیس فورس کو جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ واردات کے وقت مکامہ کے سابق رکن اسمبلی اننت کمار سنگھ ہیمجا گاؤں میں عام لوگوں سے ملاقات کر رہے تھے۔ حادثہ میں وہ بال بال بچ گئے، لیکن قافلے میں شامل ایک شخص کو گولی لگی ہے جو سنگین طور پر زخمی ہو گیا ہے۔ اسے علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
فائرنگ واقعہ کے فوراً بعد کثیر تعداد میں پولیس فورس لے کر باڑھ کے اے ایس پی جائے حادثہ پر پہنچے۔ پھر اننت سنگھ کو ان کے قافلہ کے ساتھ وہاں سے روانہ کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقہ میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اے ایس پی راکیش کمار کے مطابق جائے وقوع سے کئی کھوکھے برآمد کیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ واقعہ کے تعلق سے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 14 اگست کو پٹنہ ہائی کورٹ نے اے کے-47 اور رہائش سے بلیٹ پروف جیکٹ ملنے کے معاملے میں اننت سنگھ کو بری کیا تھا۔ اس کے بعد ان کے خلاف پولیس کے پاس کوئی زیر التوا معاملہ نہیں تھا۔ ایسے حالات میں انھیں گزشتہ سال 16 اگست کو جیل سے رِہائی مل گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔