جدہ-(سعودی عرب)_22- جنوری (ای میل ) بھارتی قونصلیٹ جدہ کے احاطہ میں اُردو اکیڈمی جدہ کی جانب سے 24ویں یومِ قومی تعلیم 2024 بیاد اولین وزیرِ تعلیم مولانا ابو الکلام آزاد کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس عظیم الشان تقریب میں عروس بحر احمر جدہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے متفرق موضوعات پر مبنی تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔ جن میں تعلیم نسواں، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور اخلاقی اقدار جیسے موضوعات شامل تھے.تقریب میں منتخب طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور شاندار انداز میں اپنی تقاریر پیش کیں جسے حاضرین نے خوب سراہا۔۔ پروگرام کی صدارت اُردو اکیڈمی جدہ کے صدر حافظ محمد عبدالسلام نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت محمد ہاشم ، قونصل (کامرس اور پی آئی سی)نے اپنی موجودگی سے محفل کی رونق میں خوبصورت اضافہ کیا، جبکہ اُردو اکیڈمی حیدرآباد چیپٹر کے سرپرست اعلیٰ شیخ ابراہیم صاحب نے بحیثیت مہمانِ اعزازی شرکت کی ۔ مختلف ادبی تنظیموں کے متعدد معزز شخصیات نے اس موقع پر رونق بخشی اور اپنی مبارکباد پیش کی اور تقریب کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے آغاز میں آئی آئی ایس جے جدہ کی طالبات نے قومی ترانہ اور ترانہء ہند مترنم انداز میں پیش کیا۔ ناظمِ جلسہ محترم اسلم افغانی نے جلسہ کی کارروائی کو بحسن و خوبی چلائی ، جبکہ انگریزی اور اردو مقابلوں کے منتظمین کے فرائض بالترتیب ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ اور سید عبد الوهاب قادری نے ادا کیے۔حسبِ روایتِ قدیم، اس موقع پرسالانہ آزاد سوانیئر کی رسمِ رونمائی مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں انجام پائی ، اس موقع پر تمام معزز ارکان اُردو اکیڈمی جدہ بشمول مسرس محمد منور خان، سمیع احمد فاروقی، محمد یوسف وحید، محمد یحییٰ، غلمان رضا ، محترمہ سراج النساء موجود تھے
جلسے کے دوران ایک دلچسپ سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں حاضرین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انعامات کے حق دار بنے۔اس کے علاوہ، مہمان مقرر TM عسکرعلی خان کی حوصلہ افزاء تقریر(Motivation Speech) نے حاضرین کو بھرپور محظوظ کیا اور ان کی بھرپور پذیرائی کی۔ اپنے خصوصی خطاب میں ڈاکٹر خواجہ یمین الدین نے قومی تعلیمی پالیسی (NEP 2020) کے مختلف اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے سامعین کی معلومات میں اضافہ کیا۔ اور اسی موضوع پر ایک فوری کوئز کا انعقاد کیا جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔
اس کامیاب پروگرام میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔ اردو تقریر میں لڑکوں کے زمرہ میں انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے طالبِ علم مصطفی خان نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ دوحہ العلوم انٹرنیشنل اسکول کے محمد عبدالرحمن اور الموارید انٹرنیشنل اسکول جدہ کے ادیب سعید بالترتیب انعام دوم اور سوم کے مستحق قرار پائے۔ انگریزی تقریر میں بھی طالبِ علم مصطفی خان نے پہلا انعام حاصل کیا،جبکہ ابھیلاش کوندوکوڑی اور عبد الحمید بالترتیب انعام دوم اور سوم کے مستحق قرار پائے۔لڑکیوں کے زمرہ میں اردو تقریر میں دوحة العلوم انٹرنیشنل اسکول کی طالبہ مریم فاطمہ نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی طالبہ سارہ اسرار اور نوول انٹرنیشنل اسکول جدہ زارا ملک بالترتیب انعام دوم اور سوم کے مستحق قرار پائیں۔ انگریزی تقریر میں دوحة العلوم انٹرنیشنل اسکول جدہ کی طالبہ حسنی خان نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ نوول انٹرنیشنل اسکول جدہ کی طالبہ حسا مریم اور انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی طالبہ علمہ مریم بالترتیب انعام دوم اور سوم کے حق دار بنیں۔
چیف جج ڈاکٹر یمین الدین کی زیر قیادت انٹرنیشنل ٹوسٹ ماسٹرز کلب سے مسرس ارشد، محمد نصیر الدین انصاری، عقیل جمیل خان، اور معین الدین نے اردو ججز کے فرائض انجام دیے۔ جبکہ عقیل خان، عقیل جمیل خان، ریاض شریف اور سیدہ اے جے انصاری نے انگریزی ججز کی خدمات انجام دیں۔ جبکہ جناب مرزا عبدالرحمن بیگ نے بحیثیت ٹائمر خدمات انجام دیں۔پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی جناب محمد ہاشم ، قونصل (کامرس اور پی آئی سی)نے اُردو اکیڈمی جدہ کی کوششوں کو سراہا اور مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے اپنی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ اُردو اکیڈمی جدہ کے صدر حافظ محمد عبدالسلام نے اُردو اکیڈمی کی سرگرمیوں کا تفصیل سے ذکر کیا اور طلباء کی بھرپور شرکت پر خوشی کا اظہار کیااور کہا کہ اردو اکیڈمی جدہ کے زیر اہتمام یوم قومی تعلیم پچھلے 24 سالوں سے کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ اردو زبان کے فروغ اور اس کی ثقافتی وراثت کو منایا جا سکے۔ اس کا مقصد نئی نسل کو ان عظیم شخصیات کےکارناموں سے آگاہ کرنا ہے جو ہماری تعلیم، جدوجہد اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہیں، اور انہیں موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
اُردو اکیڈمی کے نائب صدر سید محمد خالد حسین مدنی نے پروگرام کے اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا، اور معتمد عمومی سید نعیم الدین باری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر، تمام حاضرین کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔معزز ممبران جناب یوسف وحید،جناب سمیع فاروقی اورجناب منور خان نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا اور حافظ نظام الدین غوری کےزیر نگرانی پروگرام کےعمدہ انتظامات میں دارالعلم جدہ کے والینٹیئرز اور آئی آئی ایس جے کے طلباء نے رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔
پروگرام کو اُردو اکیڈمی جدہ اور اے کے نیوز کے فیس بک پیجز پر لائیو نشر کیا گیا، جس سے عالمی سطح پر محبان اردو کو غائبانہ شرکت کا فراہم کیا ، جن میں قابل ذکر اکیڈمی کے سرپرست جناب عبدالقدیر حسن صدیقی اور مشاورتی کمیٹی کے ارکان اعجاز احمد خان اور محمد عبدالمجیب صدیقی شامل تھے۔ یہ سہولیات حافظ محمد نظام الدین غوری انچارج شعبہ نشر واشاعت اور شیخ علیم الدین کی کاوشوں کی مرہون منت رہیں۔