تقریباً 15 مہینے کی لڑائی کے بعد غزہ میں جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے۔ جنگ بندی نافذ ہوتے ہی فلسطینیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور سڑکوں پر انہوں نے جشن منانا شروع کر دیا۔ وہیں دوسری طرف جنگ کے دوران بے گھر ہو کر پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونے والے فلسطینی اب اپنے گھروں کو واپس ہونے لگے ہیں۔ گھر واپسی کی بے قراری لوگوں میں صاف نظر آ رہی ہے۔ جنگ بندی نافذ ہونے سے قبل ہی ان لوگوں نے اپنی پیکنگ شروع کر دی تھی۔
جنگ کے دوران بے گھر ہوئے فلسطینیوں نے بہت ہی مشکل حالات میں اپنی زندگی گزاری ہے۔ اس دوران وہ ایک جگہ سے دوسری جگہ بھٹکتے رہے۔ ان فلسطینیوں کی کئی درد بھری کہانیاں سامنے آئی ہیں۔ ان میں سے ایک کہانی ماجدہ ابو زراد کی ہے۔ وہ اپنے کنبہ کے ساتھ مواسی واقع ٹینٹ سٹی میں رہ رہی تھیں۔ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اس کنبہ نے اپنے گھر میں کسی طرح خود کو محفوظ رکھا تھا۔ اب اس گھر کی خوبصورت یادیں رہ گئی ہیں۔