دلت صفائی گرمچاریوں کو آسان اقساط پر مکان دینے کا وعدہ

نئی دہلی: دلت سرکاری ملازمین کے ووٹوں کو نظر میں رکھ کر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے دن تجویز کیا کہ صفائی کرمچاریوں کے لئے سستے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس کے لئے سبسیڈی پر اراضی فراہم کرنے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو لکھا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی، مرکز سے ملنے والی زمین پر کفایتی مکانات بنائے گی۔ ریٹائرمنٹ کے وقت فلیٹ کا قبضہ لینے والے آسان قسطوں میں اس کی قیمت چکادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی ہے کہ یہ اسکیم نئی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) اور میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے صفائی کرمچاریوں سے شروع کی جائے۔

بعد میں دیگر محکموں کے ملازمین کو شامل کیا جائے۔ کجریوال نے کہا کہ نچلی سطح کے کئی ملازمین نے ان سے کہا ہے کہ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ لوگ نوکری کے دوران سرکاری کوارٹرس میں رہتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں یہ کوارٹر خالی کردینا پڑتا ہے۔

یہ لوگ دہلی جیسے شہر میں نہ تو ذاتی مکان خریدنے کے موقف میں ہوتے ہیں اور نہ کرایہ کے مکان میں منتقل ہوسکتے ہیں کیونکہ دہلی میں کرایہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ انہوں نے خود دیکھا ہے کہ کئی صفائی کرمچاری ریٹائرمنٹ کے بعد کچی بستیوں (سلمس) میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔ وزیراعظم کے نام مکتوب کی کاپی میڈیا کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں اراضی معاملے مرکزی حکومت کے تحت ہیں۔ مرکز اراضی فراہم کردے تو مکانوں کی تعمیر حکومت دہلی کرائے گی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *