ٹرمپ نے کہا کہ 90 دن کی توسیع ایک ایسی چیز ہے جس کے امکانات سب سے زیادہ ہیں کیونکہ یہ مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ پیر یعنی کل کیا جائے گا۔
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو ممکنہ طور پر امریکہ میں پابندی سے پہلے ضروریات پوری کرنے کے لیے 90 دن کی مہلت دے سکتے ہیں۔
آر آئی اے نووستی کے ذریعہ دیکھے گئے ایک عدالتی فیصلے کے مطابق، جمعہ کو امریکی اعلیٰ عدالت نے 19 جنوری سے مؤثر ٹک ٹاک پر پابندی میں تاخیر کے درخواست کو مسترد کر دیا۔ کمپنی نے دلیل دی کہ پابندی امریکی آئین کے تحت بولنے کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے ڈونالڈ ٹرمپ کل یعنی 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ پابندی کے نافذ ہونے کی آخری تاریخ کے سبب امریکہ میں چینی سوشل نیٹ ورک کے مستقبل کا حتمی فیصلہ ٹرمپ کی قیادت میں نئے انتظامیہ کو کرنا چاہیے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلیٰ عدالت اور وائٹ ہاؤس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سی این این سے کہا کہ وہ اپنا فیصلہ خود کریں گے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے این بی سی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا “مجھے لگتا ہے کہ یہ یقینی طور پر ایک متبادل ہو گا جس پر ہم غور کر رہے ہیں۔ 90 دن کی توسیع ایک ایسی چیز ہے جس کے امکانات سب سے زیادہ ہیں کیونکہ یہ مناسب ہے۔ آپ جانتے ہیں یہ مناسب ہے۔ ہمیں اس پر غور کرنا ہوگا۔ یہ ایک بہت بڑی صورت حال ہے۔” انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ پیر کو کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔