راہل گاندھی نے گزشتہ روز اچانک آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دہلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف مسائل سے دوچار مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران انہوں نے ان کی کہانیاں سنیں، جن میں علاج کے انتظار میں گزرتی اذیت ناک زندگیوں کی جھلک تھی۔
آج راہل گاندھی نے اس دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب پر جاری کی۔ ویڈیو کا عنوان تھا، ’36+ گھنٹے لائن میں – ایمس کے باہر زندگی جہنم!۔‘ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پورے ملک سے دہلی آنے والے مریض اور ان کے اہل خانہ سردی اور گندگی میں سڑکوں اور سب وے میں رہنے پر مجبور ہیں۔