حیدرآباد: دریائے کرشنا کے پانی کو تلنگانہ کی بنجر اراضیات کی طرف موڑنے کے لئے بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راﺅ کی تحریک کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹوئیٹ میں کے کویتا رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس نے کہا کہ اس تحریک کے روح رواں کے سی آر کی کوششیں کارگر ثابت ہوئی ہیں۔ اب وہ وقت دور نہیں جب بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی جانب سے دریائے کرشنا کے پانی میں ریاست تلنگانہ کے حصہ داری کا دعویٰ حقیقت کی شکل اختیار کرے گا۔ یہ بات باعث مسرت ہے کہ برجیش کمار ٹریبونل نے کے سی آر کے اس استدلال کی تائید و حمایت کی ہے جو گزشتہ دس برسوں سے کے سی آر پیش کررہے تھے۔ کے سی آر نے ریاستوں کے لحاظ سے پانی کی تقسیم کی تحقیقات کا تقاضا کیا تھا۔ یہ بی آر ایس پارٹی کی کامیابی ہے۔ یہ تلنگانہ عوام کی فتح ہے۔