سری نگر: پولیس نے سری نگر میں چوری کے ایک معاملے کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے ملزمہ کو گرفتار اور مال مسروقہ بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن شالہ ٹینگ کو ایمن اخضر دختر پیرزادہ اخضر حسین ساکن عمر آباد سری نگر کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ 15 اور 16 جنوری 2025 کی درمیانی شب کچھ نامعلوم چور اس کے رہائشی مکان میں داخل ہوئے جب کہ اس کی والدہ اور والد عمرہ کی ادائیگی کے لیے ملک سے باہر تھے، اور کچھ زیورات چوری کر کے لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن شالہ ٹینگ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران کچھ مشکوک افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘اس دوران ایک مشتبہ جنت البیگم (جو نوکرانی کے طور پر کام کرتی ہے) زوجہ محمد چھوٹو ساکن وارڈ نمبر 7 کستھان مدھا پر بہار حال ایچ ایم ٹی سری نگر کے جرم کے ارتکاب میں رول کا پتہ لگایا گیا’۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ اس کے انکشاف پر چوری شدہ زیورات برآمد کر لیے گئے۔پولیس نے شہریوں سے چوکس رہنے کی گذارش کی ہے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس یونٹ کو دینے یا بالا تاخیر 112 ڈائل کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔