آلٹ نیوز کے صحافی محمد زبیر کی گرفتاری پر روک میں توسیع

پریاگ راج: الہ آباد ہائیکورٹ نے آج آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی گرفتاری پر 27 جنوری تک روک لگادی۔ یتی نرسنگھا نند کے بارے میں ایکس پر ایک پوسٹ کرنے پر ان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

جسٹس سدرتھ ورما اور جسٹس یوگیندر کمارشری واستو پر مشتمل بنچ نے حکم التواء میں توسیع کی اور ریاستی حکومت کو اجازت دی کہ وہ زبیر کے وکیل کی جانب سے داخل کئے گئے دستاویزات کی توثیق کرے۔

قبل ازیں 6 جنوری کو زبیر کو 10 دن کی مہلت دی گئی تھی تاکہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کئے گئے جواب پر اپنا جواب داخل کرسکیں۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ غازی آباد پولیس نے اکتوبر 2024 میں زبیر کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی تھی جس میں ان پر الزام عائد کیاگیاتھا کہ وہ مذہبی گروپس کے درمیان دشمنی کو فروغ دے رہے ہیں۔

متنازعہ سادھو یتی نرسنگھانند کے ایک ساتھی کی شکایت پر زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ زبیر نے ایف آئی آر کو ہائیکورٹ میں چالنج کیاتھا۔ 20 دسمبر کو ہائیکورٹ نے زبانی طو رپر کہاتھا کہ وہ کوئی خوفناک مجرم نہیں ہے اور ان کی گرفتاری پر 6 جنوری تک حکم التواء جاری کردیاتھا۔ زبیر نے مبینہ طور پر 3اکتوبر کے ویڈیوز سلسلہ وار پوسٹ کئے تھے۔

پہلی ٹوئٹ میں پوسٹ کئے گئے ویڈیو میں دسنا دیوی مندر کے سادھو یتی نرسنگھانند کو اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ اس میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی تھی۔ زبیر نے یوپی پولیس کو بھی ٹیگ کیاتھااور سوال کیاتھا کہ یتی نرسنگھا کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے یتی نرسنگھانند کی تقریر کو توہین آمیز قرار دیاتھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *