سائبر دھوکہ بازوں نے نظام آباد کی مساجد کو نشانہ بنایا

نظام آباد: شہر نظام آباد میں آن لائن دھوکے باز ایک ہفتہ میں تین مسجدوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ مساجد کمیٹیوں اور مدرسہ کمیٹیوں کو آن لائن دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

آن لائن دھوکہ باز جو عام افراد کو جھانسہ دے کر لوٹ رہے ہیں اب مساجد، مدرسہ اور درگاہوں کو مدد کرنے کے نام پر لوٹ مچارہے ہیں۔ کچھ دن قبل سائبر دھوکہ بازوں نے نظام آباد شہر کے ٹیلیفون کالونی آٹو نگر میں واقع مسجد عمر فاروق کمیٹی کو آن لائن دھوکہ دیتے ہوئے مسجد کے اکاؤنٹ سے 65 ہزار روپئے اڑالئے تھے۔

محمد سہیل نامی شخص نے خود کو کینڈا کا ساکن بتاکر مسجد عمر فاروق کمیٹی کے ذمہ دار سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے مسجد کے لئے قالین کا عطیہ دینے کیلئے رقم روانہ کرنے کی پیشکش کی۔ فون کے ذریعہ اسکرین شیئر کرنے کا مشورہ دینے پر محمد عسکر نے نامعلوم شخص کی بتائی ہوئی باتوں پر عمل کیا اس دوران دھوکہ باز نے مسجد کمیٹی کے اکاؤنٹ سے آن لائن دھوکہ دہی کرتے ہوئے 65 ہزار روپئے اڑالئے گئے۔

اسی طرح مسجد نصرت بن یٰسین کمیٹی کے صدر شیخ وسیم سے اسی دھوکہ باز محمد سہیل نے ربط پیدا کرتے ہوئے مسجد کی تعمیرکیلئے دیڑھ لاکھ روپئے عطیہ دینے کیلئے QR کوڈروانہ کیا اور اور اس کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ جس کے فوری بعد 32 ہزار روپئے شیخ وسیم کے اکاؤنٹ سے منہا ہوگئے۔ شیخ وسیم نے فوری سائبر کرائم کے ٹول فری نمبر 1930 پرشکایت درج کرائی۔

بتایا جاتا ہے کہ یہی محمد سہیل نامی دھوکہ باز شخص شہر نظام آباد کی تمام مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داران کا سیل نمبرس جانتا ہے اور کال کرتے ہوئے بڑی رقم عطیہ کرنے کیلئے ربط پیدا کررہا ہے اور آن لائن دھوکہ دینے کی کوشش کررہا ہے۔ فون کرکے مسجد کمیٹی کے ذمہ داران سے اکاؤنٹ میں موجود رقم کی جانکاری حاصل کررہا ہے رقم موجود ہونے پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دھوکہ دینے کی کوشش کررہا ہے۔

بروز پیر 13/ جنوری کو نظام آباد بائی پاس پر واقع مسجد اکبر کمیٹی کے صدر کو اسی شخص نے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے ان کے قریبی جان پہنچان رکھنے والے ساتھی کا نام بتا کر تعمیر کیلئے بڑی رقم عطیہ دینے کا اظہار کیا اور پوچھا کہ اکاؤنٹ میں کتنی رقم ہے جس پر مسجد اکبر کمیٹی کے صدر نے کہا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 300تا 400 روپئے ہی موجود ہیں۔ یہ سنتے ہی آن لائن دھوکہ باز نے فون منقطع کردیا۔

تمام مساجد کمیٹیوں اور عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ اگر کوئی آن لائن کے ذریعہ کسی بھی طرح کی مدد کی پیشکش کرے تو اس پر قطعی بھروسہ نہ کریں اور ایسے دھوکہ باز عناصر کیخلاف فوری سائبر کرائم کے ٹول فری نمبر 1930 پر اطلاع دیں یا۔ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائیں۔ ماہ رمضان المبارک کی آمد ہے آن لائن دھوکہ بازوں کی جانب سے مسا جد، مدرسہ اور درگاہوں کو امداد کرنے کے نام پر لوٹنے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے لہذا ان مقدس مقامات پر خدمات انجام دینے والی کمیٹیاں چوکس رہیں کسی بھی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہو اور آن لائن مدد کرنے کی پیشکش پر قطعی بھروسہ نہ کریں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *