الیکشن کمیشن نے پیسے تقسیم کرنے کے معاملے میں دہلی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار پرویش ورما کے خلاف کارروائی کرے۔
دہلی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان بی جے پی کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے اس کے امیدوار پرویش ورما کے خلاف کارروائی کی بات الیکشن کمیشن نے کی۔ الیکشن کمیشن نے دہلی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ پرویش ورما کے خلاف کارروائی کرے۔ الیکشن کمیشن نے یہ ہدایت پرویش ورما کے ذریعہ پیسے تقسیم کیے جانے کے معاملے میں جاری کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس تعلق سے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی ڈاٹ کام‘ نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ دہلی پولیس کو دی گئی ہدایت سے متعلق رپورٹ شائع کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی، پنجاب کے ان کے ہم منصب بھگونت مان، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ و دیگر کی قیادت میں عآپ کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران پرویش ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا، اور کچھ گھنٹوں بعد ہی اس کا اثر دیکھنے کو ملا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی کی ’ہر گھر نوکری‘ مہم کو لے کر پرویش ورما کی سرگرمی نے ان کے لیے مصیبت کھڑی کر دی ہے۔ دراصل پرویش ورما نے اس مہم کے لیے لوگوں کا اندراج کرنے کے مقصد سے کچھ مقامات پر کیمپ لگائے تھے۔ یہ عمل دہلی میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بعد ہوا تھا، یعنی بی جے پی لیڈر کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی۔ اس معاملے میں بھی عآپ کے نمائندہ وفد نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔